پاک جاپان دوستی لازوال مزید مستحکم اور مضبوط ہو گی، افتخار شالوانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ پاک جاپان دوستی کو مستحکم کرنے کے لیے کراچی کی کسی ایک شاہراہ کا نام جاپان کے کسی شہر یا بادشاہ کے نام سے منسوب کریں گے، جاپانی حکومت کراچی میں کسی پارک کو جاپانی گارڈن یا کارنر بنانے کیلئے اپنے ماہرین فراہم کرے تاکہ کراچی کے شہری بونسائی سمیت دیگر جاپانی پودوں سے محظوظ ہوسکیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا (Toshikazu Isomura) سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے جمعہ کی صبح ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی سے کے ایم سی ہیڈ آفس میں ملاقات کی، قونصل جنرل جاپان نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں جاپان کو ماہر اور ہنر مند نوجوانوں کی ضرورت ہے، جاپان میں پندرہ ہزار سے زائد پاکستانی مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں،جاپان کے قونصل جنرل نے اس موقع پرکراچی میں سرکلر ریلوے اور ٹرام چلانے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے جاپانی قونصل جنرل کو بلدیہ عظمی کراچی کے صدر دفتر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جاپان کے ساتھ پاکستان کے گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں،جاپانی مصنوعات کی پاکستان میں بہت کھپت ہے کیونکہ یہ دیرپا اور پائیدار ہوتی ہیں، جاپان نے منفرد انداز میں پودوں کی نشوونما کر کے زبردست شہرت پائی ہے، اور جاپانی بوٹنیکل ٹیکنالوجی بیحد مفید ثابت ہوئی ہے، پاکستانی صنعت کاروں کے لئے جاپان کا تیکنیکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس حوالے سے باہمی اشتراک کا فائدہ دونوں ملکوں کو ہو گا اور باہمی تعاون میں مزید وسعت کی گنجائش ہو گی، جاپان کے قونصل جنرل نے کہا کہ کراچی کی آبادی میں قیام پاکستان سے اب تک بے انتہا اضافہ ہوا ہے، سرکلر ریلوے اور ٹرام کے منصوبوں سے کراچی جیسے بڑے شہر میں ٹرانسپورٹ کے جدید ذرائع فراہم ہوں گے۔