حکومت اور اپوزیشن ذاتی مفادات کی جنگ لڑرہے ہیں‘ مصطفی کمال
کراچی (نیوزرپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت دونوں قومی مفادات کے بجائے ذاتی مفادات کے حصول کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ ملک آٹو پر چل رہا ہے، حکومت اپوزیشن کو گرانا چاہتی ہے جبکہ اپوزیشن حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ تمام سیاسی افراتفری میں عوامی فلاح کا کسی کو خیال نہیں۔ تعلیمی ادارے تباہ حال ہیں، اسپتالوں میں علاج نہیں، سرکاری دفاتر میں رشوت کے بغیر کام نہیں ہوتے، غریب کیلئے انصاف کا حصول ناممکن ہے جبکہ حکمران ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے دست و گریباں ہیں۔ موجودہ حکمران جو اقتدار میں آنے سے پہلے تک برطانیہ اور امریکہ کی مثالیں دیتے تھے اب سابقہ حکمرانوں سے اپنا موازنہ کروا کر خود کو فرشتہ گردانتے نہیں تھکتے۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے متعدد مرتبہ نوٹس لینے کے باوجود غریب کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ترین ہوتا جا رہا ہے۔ سیاست مذہب سے علیحدہ نہیں، بلا تفریق لوگوں کو عوامی مسائل کے حل کے لیے پی ایس پی کے پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔ فرقہ واریت کی آگ میں مبتلا رہے تو دنیا بھی خراب ہوگی اور آخرت بھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مختلف مدارس سے پی ایس پی میں شمولیت کے لیے آئے ہوئے طلبا سے پاکستان ہاس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علما کونسل کے صدر انجینئر نبیل ناصر، نائب صدر ڈاکٹر فضل عثمانی، مولانا یونس اور فہد نزیر بھی موجود تھے۔