جعلی بینک اکاونٹس سکینڈل ،اقبال نوری،محمد حنیف کی ضمانت کیلئے دائر درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر )سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاونٹس سکینڈل میں گرفتار پارتھینن کمپنی کے دو ڈائریکٹرزاقبال نوری اور محمد حنیف کی ضمانت کیلئے دائر درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی ہے ۔جمعہ کوجسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی امین پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت سمٹ بنک اور نیشنل بنک کے وکلا عدالت کے روبرو پیش ہوئے ،تاہم درخواست گزار ملزم اقبال نوری اور محمد حنیف کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث عدالت عظمی نے کیس کی سماعت بغیر کاروائی غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی ۔ واضح رہے کہ جعلی بینک اکاونٹس سکینڈل میں ملوث ملزمان اقبال نوری اور محمد حنیف پارتھینن کمپنی کے ڈائریکٹرز تھے،دونوں ملزمان پر دو بینکوں سے غیر قانونی طور پر قرضہ لینے کا الزام ہے۔