حکومت احتجاج کے آئینی حق کو چھین رہی ہے:لیاقت بلوچ
لاہور( خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی اورملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان سرکار کی تدبیریں الٹی ہونا شروع ہوگئی ہیں۔اپوزیشن احتجاج کا آئینی و جمہوری حق رکھتی ہے۔حکومت اس آئینی و جمہوری حق کو چھین رہی ہے۔حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔حالات کا بند گلی میں دھکیلنے کے ذمہ دار وزیر اعظم ہیں۔حکومت کی بحرانوں کا خاتمہ ترجیح ہی نہیں۔کھلنڈرے مزاج سیاستدانوں نے سیاسی نظام کا تانا بانا ریزہ ریزہ کردیا ہے۔جماعت اسلامی نظریاتی سیاست اور عوام کی خدمت کی جدوجہد جاری رکھے گی۔جماعت اسلامی بحرانوں کے خاتمہ کیلئے قومی چارٹر کا جلد اعلان کرے گی۔ قومی سیاست میں مفتی محمود کا کردار علم و عمل اور جدوجہد کا کردار تھا۔مفتی محمود ،مولانا شاہ احمد نورانی، قاضی حسین احمد اور مولانا سمیع الحق جیسے جلیل القدررہنمائوں نے دینی قوتوں کے سرکو ہمیشہ بلند رکھا۔