اسلام آباد چیمبر کاپراپرٹی ٹیکس میں اضافے کیخلاف عدالت سے رجو ع
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ عدالتی حکم کے مطابق پراپرٹی ٹیکس وصول کرے ۔انہوں نے کہا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آبادنے گذشتہ دنوں پراپرٹی ٹیکس میں 300فیصد تک اضافہ کر دیا تھا جس کیلئے قانونی طریقہ کار کو نہیں اپنایا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی کے اس اقدام کی وجہ سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران اور مارکیٹوں کے تاجروں سمیت مقامی بزنس کمیونٹی میں اضطراب پایا جاتا تھا۔لہذا چیمبر نے ایم سی آئی کی طرف سے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کو عدالت میں چیلنج کیا جس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ چیمبر کے وکیل نے بحث کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی آئی نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ کرنے کیلئے قانونی طریقہ کار کی خلاف ورزی کی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ اگلی سماعت تک پرانے ریٹ پر پراپرٹی ٹیکس کے بل جاری کئے جائیں۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا سی ڈی اے اور ایم سی آئی کو چاہیے کہ وہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کریں۔انہوں نے چیمبر کے ممبران کو تجویز دی کہ اگر ایم سی آئی یا سی ڈی اے پرانے ریٹ پر پراپرٹی ٹیکس وصول کرنے سے انکار کرے توعدالتی حکم کی روشنی میں بے آرڈریا ڈرافٹ بنا کر پرانے ریٹ پر پراپرٹی ٹیکس جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک میں ایسے قوانین بنائے جس سے نہ صرف کاروبار کی لاگت میں کمی آئے بلکہ کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا ہوں۔ کیس کی آئندہ سماعت 11دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمن خان نے کہا کہ عدالت نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کے خلاف واضع طور پر حکم امتناعی جاری کیا ہے اور اضافے کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا ہے لہذا سی ڈی اے اور ایم سی آئی عدالتی حکم کے مطابق پراپرٹی ٹیکس وصول کریں۔