30,29 اکتوبرکو شٹر ڈاؤن کا فضل الرحمن کے دھرنے سے تعلق نہیں: تاجر تنظیمیں
اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی‘ کامرس رپورٹر) ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے متفقہ طور پر 29 اور 30 اکتوبر کو ملک بھر میں دو روز کی شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ہڑتال کا مولانا فضل الرحمان کے دھرنا سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہماری ہڑتال کی وجہ مشیرخزانہ اور چئیرمین ایف بی آر ہیں، حکومت اگر چاہتی ہے کہ ہڑتال نہ ہو تو ہمارے مطالبات مان لے ہم اپنی کال واپس لے لیں گے، تاجر نمائندوں نے کہا کہ31اکتوبر کو معمول کا کاروبار جس روز مولانا کا دھرنا ہے، دو روزہ ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ تنظیم تاجران کے صدر کاشف چودھری، انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ ، انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل نعیم میر، انجمن تاجران پنجاب کے صدر شاہد غفور پراچہ، تنظیم تاجران پنجاب کے صدر شرجیل میر، ٹریڈرز الائنس کے راہنماء شکیل سلیم، راج عباسی، اور دیر راہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، کاشف چودھری نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف ریفرنڈم ہو گی، وزیراعظم وہ صورتحال میں مداخلت کریں، شناختی کارڈ اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن کو ختم کیا جائے، مارکیٹوں میں63 فیصد خریداری کم ہوئی ہے، 711ارب روپے بینکوں سے نکال لئے گئے ہیں، مین مہنگائی کا طوفان آئے گا، اجمل بلوچ نے کہا کہ اس سے پہلے ہماری تنظیم نے 28 او ر 29اکتوبر کی ہڑتال کا اعلان کیا تھا مگر اب تمام تنظیموں کی مشاورت بعد ایک دن آگے بڑھا دیا ہے، وزیر اعظم ساری دنیا کے سرمایہ کوروں کو دعوت دیتے ہیں مگر جو ملک کے اندر سرمایہ کاری کرنے والوں کو مصیبت میں ڈالا ہوا ہے، ایف بی آر کے دفاتر کو ریڈ زون سے نکالا جائے ، نعیم میر نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال مجوزہ دھرنا کو تقویت دینے کے لئے نہیں، ہم سیاسی تنظیم نہیں ہیں، شرجیل میر نے کہا کہ مکمل ہڑتال ہو گی۔علاوہ ازیں آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ اور لاہور بزنسمین فرنٹ نے 29 اور 30اکتوبر کو ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال کے اعلان کی حمایت کردی ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ کے صدر اشرف بھٹی اور اور لاہور بزنسمین فرنٹ کے سینئر نائب چیرمین سردار عثمان غنی نے کہا ہے کہ جب تک شناختی کارڈ کی شرط کے خاتمے کا واضح اعلان نہیں ہو جاتا تاجروں کا احتجاج جاری رہے گا۔ ایف بی آر تاجروں سے مذاکرات کو سنجیدہ طریقے سے نہیں لے رہی ہے۔