ٹاپ آرڈر ناکام، فخر، سرفراز، نروس نائنٹٹیز کا شکار ، پاکستان 282پر آئوٹ
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان ٹیم آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 282رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی‘حارث سہیل ‘بابر اعظم ‘اسد شفیق کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا۔ ٹیم ابتدا میں ہی دباؤ کا شکار نظر آئی اور 5 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ کی اننگز کا خاتمہ ہو گیا۔ اظہر علی اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کی شراکت پر 52 رنز کا اضافہ کیا، آسٹریلین کپتان نے سپنرز کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا جو پاکستان کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔نیتھن لیون نے اپنے چوتھے اوور میں اظہر کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر ہی حارث سہیل کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔اسد شفیق نے لیون کو ہیٹ ٹرک سے تو محروم رکھا لیکن دوسری ہی گیند پر وہ بھی شارت لیگ پر کیچ ہوگئے۔ مشکل صورتحال میں بابر اعظم وکٹ پر پہنچے لیکن دوسری ہی گیند پر انتہائی غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے بولڈ ہو گئے۔57رنز پر ایک کھلاڑی سے محروم ٹیم بغیر کسی اضافے کے چار وکٹیں گنوا بیٹھی اور آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد کی میدان میں آمد ہوئی۔پہلا میچ کھیلنے والے فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا اور147رنز کی شراکت قائم کی ۔ فخر زمان 94 رنز بنانے کے بعد نروس نائنٹیز کا شکارہوئے ۔بلال آصف 12رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔کپتان سرفراز نے یاسر شاہ کے ہمراہ سکور کو 247تک پہنچایا ہی تھا کہ وہ بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 94رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔یاسر شاہ کے 28رنز کے باوجود آسٹریلیا کو پاکستان کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 282رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔محمد عباس دس رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ میز حمزہ چار رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ نیتھن لیون نے چار‘لیبس چیگنی نے تین ‘مچل سٹار ک نے دو ‘مچل مارش نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ آسٹریلیا نے جواب میں 2وکٹوں کے نقصان پر 20رنز بنالئے تھے ۔ عثمان خواجہ تین رنز بناکیچ آئوٹ ہوئے ۔ نائٹ واچ مین پیٹر سڈل بھی چار رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ ایرون فنچ تیرہ رنز پر کھیل رہے ہیں ۔ محمد عباس نے دونوں کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔آسٹریلیا کو پاکستان کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 262رنز درکا ر ہیں جبکہ 8وکٹیں باقی ہیں ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا ۔ پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور میز حمزہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے ۔