’’مشن پرواز‘‘ پاکستانی اداکار و گلوکار فخرعالم کراچی پہنچ گئے
لاہور(کلچرل رپورٹر)’’مشن پرواز‘‘ کا آغاز کرنے والے پاکستانی اداکار و گلوکار فخرعالم گذشتہ روزکراچی پہنچ گئے ، جہاں سے پھر وہ اپنے اگلے پڑاؤ کی جانب روانہ ہوں گے، فخر عالم دبئی سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے، جو ان کے مشن پرواز کا 12 واں سٹاپ ہے۔فخر کی آمد پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر ان کا استقبال کیا۔فخر عالم نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ سفر پاکستان کے لوگوں کے نام کیا اور کہا کہ 'جب میں وطن کی فضا میں آیا تو عجیب سا جذبہ تھا'۔انہوں نے مزید کہا کہ 'فضائی قوانین کی وجہ سے صرف جوشوا بریکن اور کرٹ روئے نے ساتھ دیا، ان دونوں کی معاونت کے بغیر سفر ممکن نہیں تھا'۔ دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ 'فخر عالم نے پاکستان کی تاریخ کا انوکھا کارنامہ سرانجام دیا ہے، وہ ایک ایسا کام کر رہے ہیں، جس سے زندگی کو خطرہ ہے'۔فخر عالم کراچی سے لاہور اور اسلام آباد سے ہوتے ہوئے آگے جائیں گے۔فخر عالم کے استقبال کے لیے ساتھی فنکار فیصل قریشی، ماریہ واسطی، ژالے سرحدی، عائشہ عمر، سہیل جاوید،عاصم جوفا، و دیگر شامل تھے، ائیرپورٹ پر حب الوطنی کی فضاء بن گئی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند ہوئے۔واضح رہے کہ فخر عالم نے 10 اکتوبر کی صبح 7 بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے مشن پرواز کا آغاز کیا تھا۔