ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے ہی دن کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں کئی ریکارڈز ٹوٹ گئے۔ پاکستان ٹیم کا 57رنز پر ایک کھلاڑی آؤٹ تھا لیکن پھر اسی سکور پر مزید 4وکٹیں گنوا بیٹھی۔ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ٹاپ آرڈر کی 4وکٹیں سکور میں بغیر کسی رن کے اضافے کے گر گئی ہوں۔یہ آسٹریلین کرکٹ میں پہلا موقع ہے کہ انہوں نے چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر کے بلے باز کو کھاتا کھولے بغیر ہی آؤٹ کیا ۔ٹیسٹ کرکٹ میں ساتواں موقع ہے کہ چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر کے بلے باز کوئی بھی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹے۔نیتھن لیون نے صرف 6 گیندوں کے دوران 4وکٹیں حاصل کیں‘ انہوں نے کیریئر میں پہلی مرتبہ میچ کے پہلے سیشن میں 4وکٹیں حاصل کیں۔ وہ گزشتہ 10سال کے دوران ٹیسٹ میچ کے پہلے سیشن میں چار وکٹیں لینے والے پہلے باؤلر بھی ہیں۔