18 اکتوبر کا سانحہ کارساز ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے: مخدوم احمد محمود
لاہور(خبر نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر مخدوم سیّد احمد محمود نے کہا ھے کہ 18 اکتوبر سانحہ کارساز دراصل شہید بے نظیر بھٹو پر جمہوریت کش حملہ تھا جو ملکی تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر رقم ہوگا اورہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ صدور کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں 18 اکتوبر کو احتجاجی پروگرامز منعقد کئے جائیں تاکہ تمام جمہوریت دشمن عناصر کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے جانوں کے نذرانے دیئے اور آئیندہ بھی کسی قسم کی قربانیوں کی پرواہ کئے بغیر جمہوری استحکام کی بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔