لارڈ میئر لاہور کا جناح بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا
لاہور(خبر نگار)لارڈ میئربلدیہ عظمیٰ لاہورکرنل (ر) مبشر جاوید نے جناح بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ ، جنرل بس سٹینڈ رائے ونڈکا دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا شاہد حسین کلیانی نے میئر لاہور کو جناح بس ٹرمینل ٹھوکر اور جنرل بس سٹینڈ رائے ونڈ کے آپریشنز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جناح بس ٹرمینل اور جنرل بس سٹینڈ رائے ونڈ سے پنجاب کے تمام اضلاع کے مسافر مستفید ہوتے ہیں۔کرنل (ر) مبشر جاوید نے ہدایت کی کہ لاری اڈا پر مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔ا نہوں نے مزید کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے رائے ونڈ لاری اڈا کو آپریشنل کیا گیا ہے جس کے ثمرات بھی عوام تک پہنچنے چاہئیں ۔ بعدازاں میئر بلدیہ عظمیٰ لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے یونین کونسل 272 رائے ونڈکا بھی دورہ کیا۔