پولیس خدمت مرکز کا دائرہ کار اور مراکز کو شہر اور تحصیل کی سطح تک بڑھایا جائے گا،سی پی او
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی عباس احسن نے منگل کو لیاقت باغ میں سٹیٹ آف دی آرٹ پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ کا دورہ کیاانہوں نے اس خدمت مرکز میں موجود عوام سے پولیس کی طرف سے فراہم کی گئی سہولتوں کے بارے میں رائے بھی لی دورے کے درمیان سی پی او راولپنڈی نے انچارج پولیس خدمت مرکز اور دیگر سٹاف سے عوام کو دی جانے والی سہولیات کے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں علاوہ ازیں مرکز کے سٹاف کو درپیش مسائل اور سہولیات کے متعلق خصوصی اقدامات کی بھی ہدایات جاری کیںسی پی او راولپنڈی نے پولیس خدمت مرکز میں موجود عوام الناس سے باری باری دی گئی سہولیات کے متعلق رائے حاصل کی ۔سی پی او راولپنڈی نے پولیس خدمت مرکز میں موجود عوام اور میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس خدمت مرکز کے دائرہ کار اور مراکز کو شہر اور تحصیل کی سطح پر قائم کیا جائے گا عوام کو پولیس خدمت مراکز میںدستیاب سہولیات میں مزید بہتری بھی لائی جائے گی ۔دریں اثناء سٹی پولیس آفیسر عباس احسن نے منگل کو تھانہ سٹی کی نوتعمیر شدہ عمارت کا معائنہ کیا تعمیر میں موجود نقائص پر وہ برہم ہوگئے اور حکم دیا کہ عمارت کے نامکمل کاموں اور نقائص پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے سی پی او راولپنڈی نے تھانہ کی عمارت کے تمام کمروں بشمول حوالات کا تفصیلی دورہ کیا تھانہ میں ملازمین کو دی جانے والی سہولیات رہائش ،میس وغیرہ کا خصوصی جائزہ لیا۔