جنوبی ایشیا میں تنازعات کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔ بھارت کے جوہری تجربات خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ صدر عارف علوی۔ مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر مکمل ہڑتال‘ حریت قیادت گھروں میں نظربند‘ وادی جیل خانے میں تبدیل۔
بھارت جس طرح دھڑادھڑ دنیا بھر سے اسلحہ خرید رہا ہے‘ اس کا واحد نشانہ صرف پاکستان ہی ہے جس کے جواب میں پاکستان کو بھی اپنی حفاظت کیلئے اسلحہ کی خریداری کرنا پڑتی ہے۔ خطہ میں ہتھیاروں کی اس دوڑ کا اصل ذمہ دار بھارت ہے جو خطے کا تھانیدار بننے کے جنون میں پاکستان کو ختم کرنے کی ناپاک منصوبہ بندی کرتا رہتا ہے۔ اس کے ایٹمی اسلحہ کے ذخائر اور ایٹمی اسلحہ کے تجربات کے مقابلے میں پاکستان کو بھی حفاظتی انتظامات مکمل رکھنا پڑتے ہیں۔ قیام پاکستان کے ساتھ ہی بھارت کی پاکستان سے دشمنی جموں کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کی شکل میں سامنے آئی جس کو حل کرنے کی بجائے بھارت وہاں 7 لاکھ سے زیادہ فوجیوں کی مدد سے اپنا قبضہ مستحکم کرنے کے چکروںمیں ہے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے وہاں نام نہاد انتخابات کا ڈھونگ رچاتا ہے۔ گزشتہ روز بلدیاتی الیکشن کا آخری مرحلہ بھی کشمیر میں ختم ہوا ۔ پوری وادی میں ان انتخابات کا بائیکاٹ اس کا ثبوت ہے کہ کشمیری کسی صورت بھارت کی غلامی میں رہنا نہیں چاہتے۔ حقیقت بھی یہی ہے کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے اہم تنازع ہے۔ جب تک بھارت کشمیر میں جارحیت بربریت اور پاکستان کے خلاف معاندانہ رویہ ختم نہیں کرتا‘ پاکستان کیلئے بھارتی چالبازیوں کا ٹھوس جواب دینا ضروری ہے تاکہ وہ پاکستان کی امن دوستی کو اس کی کمزوری تصور نہ کرے۔اس تناظر میں صدر مملکت عارف علوی نے اصل مرض اور اس کے علاج کی درست نشاندہی کی ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024