حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول محتشم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے کتاب اللہ سے ایک حرف پڑھا اس کے لیے ایک نیکی ہے اورایک نیکی کا دس گنااجر ہے، اورمیں یہ نہیں کہتا کہ ’’الم ‘‘ایک حرف ہے، بلکہ الف ایک حرف ہے ، اورلام ایک حرف ہے اورمیم ایک حرف ہے۔ (جامع ترمذی )
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قیامت کے دن قرآن پڑھنے والا آئے گا تو قرآن کہے گا: اے رب ! اس کو مزین کر، تب اس کو عزت کا تاج پہنا یا جائے گا، پھر قرآن کہے گا: اے رب ! اسکو اورمزین کر، تو اس کو عزت والے حلے پہنائے جائیں گے، پھر قرآن کہے گا: اے رب ! اس سے راضی ہوجا، تو اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہوجائے گا، پھر اس شخص سے کہا جائے گا: قرآن پڑھتا جااور(جنت کے درجوں میں )چڑھتا جااورہر آیت کے بدلہ میں اس کو نیکی دی جائیگی ۔(جامع ترمذی)
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس شخص کے سینے میں قرآن نہ ہو وہ ویران گھر کی مانند ہے ۔ (جامع ترمذی)
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہماروایت کرتے ہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : قرآن پڑھنے والے سے کہا جائے گا: قرآن پڑھتا جا اورجنت کے درجوں میں چڑھتا جا، اورجس طرح دنیا میں آہستہ آہستہ قرآن پڑھتا تھا، اسی طرح پڑھ ، جہاں تو آخری آیت پڑھے گا وہی تیری منزل ہوگی۔(جامع ترمذی)
حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میںنے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کویہ فرماتے ہوئے سنا ہے: علانیہ قرآن پڑھنے والا ، علانیہ صدقہ کرنے والے کی مانند ہے اورپوشیدگی سے قرآن پڑھنے والا پوشیدگی سے صدقہ دینے والے کی مثل ہے۔ (جامع ترمذی)
حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :اللہ تبارک وتعالیٰ فرماتا ہے : جو شخص قرآن پڑھنے میں مشغولیت کی وجہ سے سے میرا ذکر نہ کرسکا اورمجھ سے دعانہ کرسکا ، میں اس کو دعا کرنے والوں سے زیادہ عطا فرمائوں گا، اوراللہ کے کلام کی فضیلت باقی کلاموں پر ایسی ہے جیسے اللہ کی فضیلت مخلوق پر ہے۔(جامع ترمذی)
حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ٹھہر ٹھہر کر پڑھتے تھے ۔’’الحمد للہ رب العلمین ‘‘پڑھتے ، پھر توقف فرماتے ، پھر ’’الرحمن الرحیم ‘‘پڑھتے ، پھر ٹھہرتے ، پھر ’’مالک یوم الدین ‘‘پڑھتے ۔(جامع ترمذی)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024