شہر قائد میں چھرا مار کا خوف نہ چھٹ سکا ، فیڈرل بی ایریا میں ایک اور حملہ ہو گیا , پندرہ سالہ لڑکی کو تیز دھار آلے سے زخمی کر دیا گیا
کراچی میں چھرا مار چھلاوے کے وار نہ تھم سکے , تیز دھار آلے سے خواتین کو زخمی کرنے والے کا خوف تاحال برقرار ہے ۔ پولیس کی جانب سے مبینہ مرکزی ملزم کو پکڑنے کے دعوے بھی گل ہو گئے ، فیڈرل بی ایریا میں چھرا مار نے ایک اور لڑکی کو نشانہ بنا ڈالا ۔
جوہر آباد تھانے کی حدود دستگیر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار چھری مار ملزم نے اپنے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جانے والی پندرہ سالہ اریج کو تیز دھار آلے سے زخمی کیا اور موقع سے فرار ہو گیا ، واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی دوڑیں لگیں ، بھاری نفری موقع پر پہنچی مگر ہاتھ پھر کچھ نہ آیا .
زخمی ہونے والی لڑکی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی ، پولیس نےبھی واقعے کی تحقیقات ہر پہلو سے شروع کر دیں ، ایک بار پھر ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کا دعویٰ بھی کر دیا گیا .
واضح رہے کہ خواتین پر تیز دھار آلے سے وار کا سلسلہ گلستان جوہر کے علاقے سے شروع ہوا، ملزم نے کئی کارروائیاں اسی علاقے میں کیں جس کے بعد گلشن اقبال ، ناظم آباد میں بھی واقعات پیش آئے ، پولیس کی نیندیں حرام کرنے والا چھلاوا تمام تر کوششوں کو کے باوجود تاحال لاپتہ ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر دس لاکھ روپے کا انعام پر مقرر ہے تاہم یہ دہشت پھیلانے والا چھلاوا کون ہے اور کہاں سے آ کر کہاں غائب ہوتا ہے پولیس ابھی تک حقائق جاننے میں پوری طرح ناکام ہے.