کم ٹرن آئوٹ سے تحریک انصاف کا مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ مسترد ہو گیا: پرویز رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملتان کے ضمنی انتخاب نے 2013ء کے عام انتخابات کے نتائج پر مہر تصدیق ثبت کر دی، کم ٹرن آئوٹ نے تحریک انصاف کے مڈٹرم الیکشن کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں شرکت عوام کے موجودہ انتخابی نظام پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ ووٹوں کی کم شرح سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عوام نئے انتخابات کے موڈ میں نہیں، عامر ڈوگر کو تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی، پی ٹی آئی کی حمایت کے باوجود جیت کا مارجن پچھلے انتخابات سے کم ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نے الیکشن میں جاوید ہاشمی کی مدد کی ہے لیکن مسلم لیگ ن کا ووٹر صحیح طور پر جاوید ہاشمی کی طرف مائل نہیں ہو سکا۔ ضمنی انتخابات میں ٹرن آئوٹ کم ہوتا ہے۔ جاوید ہاشمی صحت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے انتخابی مہم اچھے طریقے سے نہ چلا سکے اگر جاوید ہاشمی جیت جاتے تو عمران خان دھاندلی کا رونا روتے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا شیخ رشید اب قربانی کے قابل نہیں۔ شیخ رشید پاکستانی سیاست کے مزاحیہ اداکار ہیں، میں ان کو سنجیدہ نہیں لیتا۔ شیخ کا کام صرف مزاحیہ مکالمے ادا کرنا ہے، ہم قربانی دینے والے لوگ ہیں اور قربانی کیلئے تیار بھی ہیں، میرے الیکشن کے وقت کیمرہ سفید نہیں کالا تھا اور سب ریکارڈ کر رہا تھا۔
پرویز رشید