کراچی سرکلر ریلوے ٹرین سروس : ریلوے 19نومبر سے پہلے فیز میں اورنگی اور مارشلنگ یارڈ پپری کے درمیان شروع ہوگی
پاکستان ریلوے کراچی کے عوام کی سہولت کے لئے 19نومبر سے پہلے فیز میں اورنگی اور مارشلنگ یارڈ پپری کے درمیان کراچی سرکلر ریلوے ٹرین سروس شروع کرنے جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سرکلرریلوے (1-Up) ٹرین صبح 6بجکر 30منٹ پر اورنگی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہو کر منگو پیر ، سائیٹ ، شاہ عبدالطیف ، بلدیہ، لیاری،وزیر مینشن، کراچی سٹی، کراچی کینٹ، ڈیپارچر یارڈ، ڈرگ روڈ، ڈرگ کالونی، ایئرپورٹ، ملیر کالونی، ملیر، لانڈھی، جمعہ گوٹھ، بن قاسم اور بلدیہ نالہ سے ہوتی ہوئی صبح 9بجکر 15منٹ پر مارشلنگ یارڈ پپری ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔دوسری دفعہ یہ ٹرین اورنگی ریلوے اسٹیشن سے صبح 10بجے روانہ ہو گی۔ تیسری دفعہ یہ ٹرین اورنگی سے دوپہر 1بجے جبکہ چوتھی دفعہ اورنگی سے یہ ٹرین شام 4بجے روانہ ہو اکرے گی۔ اسی طرح کراچی سرکلر ریلوے (2-Dn) ٹرین مارشلنگ یارڈ پپری ریلوے اسٹیشن سے صبح 7بجے روانہ ہو کر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی صبح 9بجکر 45منٹ پر اورنگی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔جبکہ ما رشلنگ یارڈ پپری ریلوے اسٹیشن سے دوسری دفعہ یہ ٹرین صبح 9بجکر 30منٹ پر ، تیسری دفعہ دوپہر 1بجے اور چوتھی دفعہ شام 4بجکر 30 منٹ پر چلے گی۔ اس ٹرین کا کرایہ اسٹیشن ٹو اسٹیشن 50روپے یک طرفہ ہو گا۔