لاہور:زمین کے تنازع پر فائرنگ،لڑکی قتل

لاہور میں ڈیفنس کے نواحی گاوں میں زمین کے تنازع پر ایک گروپ نے فائرنگ کر کے ایک لڑکی کو قتل اور 2خواتین سمیت 4 افراد کو زخمی کر دیا۔پولیس کے مطابق تھانہ ڈیفنس سی کے علاقے برکی روڈ پر نور بخش چالار گائوں میں زمین کے تنازع پر ایک گروپ کے ارشد کمبوہ اور اس کے ساتھیوں نے مخالف گروپ کے رفیق مسیح کے گھر پر دھاوا بول دیا۔فائرنگ کے نتیجے میں 18سالہ لڑکی سونیا موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ دیگر 4افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں آسیہ، شہناز، نذیر مسیح اور رفیق مسیح شامل ہیں۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاوس منتقل کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔