پی ٹی آئی قانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل حل کرنا چاہتی ہے:سعدیہ سہیل رانا
لاہور(لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قانون سازی کے ذریعے عوام کے مسائل کو حل کرنا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن ذاتی مفادات کی تکمیل چاہتی ہے اور کرپشن زدہ قیادت کو بچانا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایوان میں اپنی کرپشن پر سیاست چمکانے کی بجائے عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے حکومت کا ساتھ دے عوام نے انہیں اپنے مسائل حل کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں عوام کو بھول کر اپنے آقائوں کی چاپلوسی کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا کام آئین، قانون کی بالادستی، اداروں کی مضبوطی اور انہیں بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ کرپشن کا خاتمہ ہے، عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے۔