مودی نے جنت نظیرکشمیر کوزنداں اورقبرستان بنادیا :افشاں لطیف
لاہور(پ ر ) کاشانہ ویلفیئرہوم کی سپرنٹنڈنٹ مسزافشاں لطیف نے کہا ہے کہ انتہاپسندمودی نے جنت نظیرکشمیر کوزندان اورقبرستان بنادیا۔یرغمال کشمیری اپنے گھر کی چاردیواری کے اندر بھی بھارتی درندوں کے شب خون سے محفوظ نہیں۔دنیاکاکوئی مذہب اورقانون کشمیریوں کے ساتھ جاری نارواسلوک کوجائزقرارنہیں دے سکتا۔کشمیریوں کاقتل عام جاری ہے مگر وہاں دنیا کے کسی میڈیاہا?س کورسائی حاصل نہیں۔آٹھ ملین کشمیریوں کوکس گناہ کی پاداش میں قیدکیا گیا،کس قانون کے بل پرا نہیں بنیادی حقوق سے محروم کیاگیا۔کشمیرمیں موسم تبدیل ہوگیا مگرکشمیریوں کی حالت زار نہیں بدلی بلکہ سردی بڑھ جانے سے ان کی دشواریوں میں مزید شدت آگئی ہے۔وہاں ابھی تک تعلیمی اورطبی ادارے بندہیں،ماں باپ کے ساتھ بچے بھی اپنے گھروں میں محصور ہیں ،بیماروں کوہسپتال جانے اورکشمیری بچوں کو کھیلنے تک کی اجازت نہیں۔وہ کاشانہ میں یرغمال کشمیریوں کی آزادی کے حق میں جبکہ بھارتی بربریت کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہی تھیں۔ مسزافشاں لطیف نے مزید کہا کہ بھارت ہرروزبربریت کاایک نیا تیرکشمیراورکشمیریوںکے وجودمیں پیوست کررہا ہے۔مودی سرکار کورواداری ،امن اورانسانیت سے کوئی سروکار نہیں۔بھارت کسی کالے قانون کی طاقت سے جموں وکشمیر کاجغرافیائی اورنظریاتی طورپراپنے ساتھ انضمام اورآٹھ ملین کشمیریوں کے حقوق ہضم نہیں کرسکتا۔