جنرل ہسپتال:ڈینگی بخارکے تمام مریض صحت یاب ہو کر گھروں کوچلے گئے :پروفیسر الفرید ظفر
لاہور(نیوزرپورٹر)پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور سٹاف کی پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت لاہور جنرل ہسپتال میں رواں سال ڈینگی بخارکے تمام مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو گئے جبکہ اس وقت ہسپتال میں ڈینگی بخار کے تین مشتبہ افراد زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ایل جی ایچ میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے الگ وارڈ قائم کیا گیا اورتمام طبی و تشخیصی سہولیات مفت فراہم کی گئیں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے ہمہ وقت ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس تعینات رہے جنہوں نے دن رات انتہائی محنت اور پوری دلجمعی کے ساتھ علاج معالجہ و نگہداشت کی۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے حکومتی ایس او پیز کے مطابق مستقل شکل دے دی گئی ہے اور آئندہ بھی ایسے مریضوں کا جنرل ہسپتال میں علاج معالجہ ترجیحی بنیادوں پر ہوگا۔