شہید کانسٹیبل کے قاتلوں کی گرفتاری کوجلد از جلد یقینی بنایا جائے :آئی جی
لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے شیخوپورہ میں ڈکیتی کی واردات کو ناکام بنانے کے دوران ڈاکوئوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل آصف علی کی بے مثال قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کانسٹیبل آصف علی نے شہادت کے رتبے پر فائز ہوکر محکمہ پولیس اور پوری فورس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ کانسٹیبل آصف علی شہید جیسے بہادر سپوتوں کے باعث معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار ہے اورپنجاب پولیس عوام کی جان وما ل کے تحفظ کے مقدس مشن میں مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔ انہوں نے آر پی او شیخوپورہ کو ہدایت کی کہ وہ شہید کانسٹیبل آصف علی کے قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کویقینی بنائیں اور انکے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے ۔آئی جی پنجاب نے آر پی او شیخوپورہ کومزید ہدایت جاری کی کہ شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور ویلفیئر کا بھی بھرپور خیال رکھا جائے اور شیخوپورہ پولیس انکے ساتھ مستقل رابطہ رکھتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کا فی الفور حل یقینی بنائیں۔