نظریہ پاکستان کا ہر صورت تحفظ کریں گے:عرفان اسحاق
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی کے ضلعی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حافظ عرفان اسحاق گجر نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان کا ہر صورت تحفظ کریں گے، نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک میں عمومی سیاست سے ہٹ کر عوامی خدمت اور اخلاقیات کی سیاست کی اور ملکی مسائل کے حل اور عوامی حقوق کی فراہمی کی خاطر بھرپور آواز اٹھائی یہ ذمہ داری آئندہ بھی انجام دیتے رہیں گے، اپنے ایک بیان میں حافظ محمد عرفان اسحاق گجر نے کہا کہ ہماری سیاست خدمت انسانیت پر مبنی ہے جماعت اسلامی کی قیادت نے نظریہ پاکستان کی بنیاد پر علاقائیت، لسانیت اور صوبائیت کی سوچ کے خاتمہ او ر تمام اکائیوں کے اتحاد پر ہمیشہ زور دیا ہے کیونکہ اسی میں وسیع تر ملکی مفاد ات کا تحفظ پوشیدہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی مداخلت قابل برداشت نہیں موجودہ حکمرانوں نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سپرد کررکھا ہے جس کا خمیازہ پوری قوم معاشی بدحالی کی صورت میں بھگت رہی ہے حکمرانوں کو اپنی ترجیحات تبدیل کرنا ہوں گی ورنہ استحصال زدہ عوام ان کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔