ٹیسٹ سیریز کا فاتح بن کر وطن لوٹنا چاہتے ہیں:وقار یونس
لاہور(نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے باولنگ کوچ وقار یونس نے پیسر محمد عباس کو سمارٹ باولر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ درست جگہ پر گیندیں کرتے ہوئے بخوبی جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے اور اسے باولنگ کرتے دیکھ کر انہیں گلین میک گرا کی یاد آجاتی ہے۔ ماضی میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں باولنگ کرتے ہوئے محمد عباس بھرپور فارم میں تھا لیکن وہ وکٹیں یکسر مختلف تھیں لہٰذا امید ہے کہ وہ خود کو ماحول سے جلد ہی ہم آہنگ کر لے گا۔ بدقسمتی سے دانت میں تکلیف کے سبب اسے آسٹریلیا اے کیخلاف تین روزہ میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن بہترین کارکردگی کی توقع ہے۔باولرز کو وہی ہدایات دی ہیں جو کہ وہ عام طور پر دیتے ہیں کہ کامیابی خود نہیں ملتی بلکہ جان مارنی پڑتی ہے لہٰذا وہ پوری محنت کیساتھ باولنگ کریں اور اپنی فٹنس کا خیال بھی رکھیں کیونکہ یہ بھی ایک انتہائی ضروری پہلو ہے۔ ٹیسٹ سیریز کا فاتح بن کر وطن لوٹنا چاہتے ہیں۔