کراچی قومی معیشت میں انجن کی حیثیت رکھتا ہے، اس کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنائیں گے:آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کراچی قومی معیشت میں انجن کی حیثیت رکھتا ہے، ہم اس کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنائیں گے تاکہ یہاں کاروباری سرگرمیاں مثبت انداز میں جاری رہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق ہفتے کے روز آرمی چیف نے پاکستان سندھ رینجرز ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا جہاں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا انجن ہے ،شہر قائد کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنائیں گے ۔آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتری سے تجارتی سرگرمیاں مثبت انداز میں جاری ہیں اس موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹینیٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھے۔