کراچی:تجاوزات کے خلاف آپریشن:ایمپریس اور داد پوتہ روڈ پر 2500غیر قانونی دکانیں اور2 منزلہ عمارت مسمار
کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر حکام نے سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے لیے عملدر آمد رپورٹ تیار کرلی، ایمپریس مارکیٹ اور داد پوتہ روڈ پر 2500 غیر قانونی دکانیں اور2 منزلہ عمارت مسمار کی گئی،گرینڈ آپریشن کی رپورٹ کمشنر کراچی کو ارسال کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدر آمد رپورٹ تیار کرلی۔ 5 سے 15 نومبر تک کراچی میں کیے جانے والے گرینڈ آپریشن کی رپورٹ کمشنر کراچی کو ارسال کردی گئی۔رپورٹ کے ساتھ آپریشن کے بعد کی تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ایمپریس مارکیٹ اور داد پوتہ روڈ پر 2500 غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئیں۔ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے لیے 6 آر سی سی بیسمنٹ اور 2 منزلہ عمارت بھی مسمار کردی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ سہراب خٹک روڈ پر 480 غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئیں، سرمد شہید روڈ پر 150 تجاوزات، شارع عراق پر 450 ٹھیلے ہٹائے گئے جبکہ اکبر روڈ اور ملحقہ علاقے میں 7500 سن شیڈز توڑے گئے۔علاوہ ازیں کراچی کے دیگر علاقوں زیب النسا اسٹریٹ، میگزین لائن، عبداللہ ہارون روڈ، راجہ غضنفر علی روڈ اور میر کرم علی ٹالپر روڈ پر بھی تجاوزات مسمار کی گئیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ دیگر 6 اضلاع میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے۔