ایچ ای سی کا بے روزگار پی ایچ ڈیز کی ملازمتوں کے لئے حکمت عملی کا اعلان
اسلام آباد(نا مہ نگار)بے روزگار پی ایچ ڈی ڈاکٹرز کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے گھر بنی گالہ کے سامنے احتجاج کی دھمکی کام کر گئی،ایچ ای سی نے بے روزگار پی ایچ ڈیز کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے حکمت عملی کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پی ایچ ڈی ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شیر افضل نے ایچ ای سی کی پیشکش کولولی پاپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 17نومبر کو بنی گالہ میں ہر صورت احتجاج کریں گے ،جب تک ہمیں مستقل روزگار نہیں ملتا دھرنا جاری رہے گا،ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جو اقدامات تجویز کیے ہیں ۔ انٹیرم پلیسمنٹ آف فریش پی ایچ ڈیز (آئی پی ایف پی ) پروگرام میں اہلیت کے معیار کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن فریش پی ایچ ڈی گریجویٹس کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے ان کو سافٹ اسکلز کی ٹریننگز بھی کروائے گا۔ تمام پی ایچ ڈی گریجویٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اگست 2018میں بنائے گئے پورٹل میں خود کو تیس یوم کے اندر رجسٹرڈ کریں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن پی ایچ ڈی اسکالرز اسپورٹ پروگرام کے قابل عمل ہونے کا جائزہ لے گا ۔ اس پروگرام کے تحت پی ایچ ڈیز کو کم وبیش پچاس ہزارروپے کے عوض 12ماہ کے لیے مختلف سرکاری تعلیمی ، ریسرچ اور ایڈمنسٹریٹو اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شیرافضل نے’’نوائے وقت ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ایچ ای سی کی پیشکش لو لی پاپ کے سوا کچھ نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی کرنے کے بعد بھی ہماری اہلیت اور معیار کا جائزہ لینے کی بات ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے۔