اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم روکنے کیلئے موثر کردار اد ا کرے
لندن( نوائے وقت رپورٹ)ممتاز سیاسی و سماجی کشمیری رہنماء الطاف احمد بٹ نے کہا ہے کہ 1988ء سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم جاری ہے جس کی روک تھا م کیلئے اقوام متحدہ کو اپنا موثر کردار اد ا کرنا چاہئے، تنازعہ کشمیر کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اقوام متحدہ نے کچھ مہینوں کے وقفہ سے دوبارہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی نشاندہی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کے شیڈو منسٹر افضل خان کے تعاون سے برٹش پارلیمنٹ میں کشمیر اور ہیومن رائٹس پر میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں وزیراعظم آزاد جموں کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کشمیر سے طارق نقاش، نعیمہ مہجور اور اسلم میر نے بھی شرکت کی۔ کشمیر سے آنے والے صحافیوں نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کو درپیش مشکالات کے حوالے سے آگاہ کیا۔الطاف احمد بٹ اس موقع پر کہا کہ کشمیری دنیا کی واحد قوم ہے جس نے اقوام متحدہ کے دروازے پر پر سب سے زیادہ انصاف کے لئے دستک دی ہے۔ اب ان رپورٹس کے آنے بعد آزادی پسندوں کے موقف کی تائید ہوئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کی نشاندہی کرنے والی ایسی بے شمار رپورٹس موجود ہیں جن میں مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبروں، اظہار رائے پر پابندی، صحافیوں پر تشدد اور گرفتاریوںکی نشاندہی کی گئی ہے، ان رپورٹس کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے پر پابندی برقرار ہے بلکہ صحافیوں کو کام کرنے کی اجازت نہیںہے۔