امریکہ کے مختلف علاقوں میں پہلی برفباری‘حادثات میں5افراد ہلاک
واشنگٹن (صباح نیوز)امریکہ کے شمالی ساحل پر رچمنڈ ورجینیا سے، فلاڈیلفیا، پنسلوانیا، نیو یارک اور بوسٹن تک برساتی طوفان اور کہیں ہلکی تو کہیں تیز برف باری ہوئی اورحادثات کے نتیجے میں 5افراد ہلاک ہو گئے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ کے شمالی ساحلی علا قوں پر ہونے والی برف باری کے باعث سڑک کے حادثات میں کم از کم 5 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔ورجینیا، واشنگٹن ڈی سی اور میری لینڈ میں برف باری صبح سویرے شروع ہوئی اور دوپہر تک جاری رہی۔ایسٹرن ٹائم کے مطابق، ایک بجے دوپہر تک ورجینیا میں 6 انچ، جب کہ میری لینڈ اور واشنگٹن میں پانچ انچ برف باری ہوچکی تھی۔ ادھر، الی نوائے میں 7 انچ جب کہ ویسٹ ورجینیا میں 6.2 انچ برف باری ہوچکی ہے۔ ریگن نیشنل ایئرپورٹ اور ڈلاس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کچھ پروازیں تاخیر کی شکار ہوئیں۔دارالحکومت واشنگٹن میں بھی موسم کی پہلی برف باری شروع ہونے کے بعد وائٹ ہائوس اور کیپیٹل ہل کی عمارتیں برف سے ڈھک گئیں، جبکہ واشنگٹن کے بیشتر سکولز بند کردیئے گئے ۔ برف باری اور بارشوں کے باعث وفاقی ملازمین کو بھی چھٹی لینے کی سہولت دی گئی۔