ایرانی صدر روحانی کے معاون برائے اقتصادی امو ر مستعفی
تہران(این این آئی)ایرانی صدر حسن روحانی کے اقتصادی امور کے معاون مسعود نیلی نے اپنا استعفا پیش کر دیا ہے۔ اس بات کی تصدیق ایرانی خبر رساں ایجنسی نے کی۔ ایجنسی کے مطابق مسعود نیلی کی جگہ اب علی طیب مانیٹری اینڈ کریڈٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ادھر منصوبہ بندی اور تعلیم کے اعلی ادارے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ صدر روحانی نے اقتصادی امور کے لیے اپنے خصوصی معاون اور اقتصادی رابطہ کاری کمیٹی کے سیکرٹری مسعود نیلی کا استعفا منظور کر لیا ہے۔ مسعود نیلی کا استعفا ایرانی حکومت میں نوبخت اور واعظی کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی جانب ممکنہ اشارہ ہے۔مسعود نیلی کو حسن روحانی کی حکومت کے اہم ترین ماہرین معیشت میں شمار کیا جاتا ہے۔