ہادیٔ کونین ہم سے کیا ہو مدحت آپؐ کی
مظہرِآیاتِ قرآنی ہے سیرت آپؐ کی
یہ حقیقت ہے فقط حُسنِ عقیدت ہی نہیں
روزِ محشر کام آئے گی شفاعت آپ کی
مرضیٔ معبود کے سایے میں کاٹی زندگی
ہم مزاجِ وحیٔ ربانی ہے طینت آپ کی
زاویے فکر و نظر کے سب بدل کر رکھ دیے
عاقبت اند یش کتنی تھی فراست آپ کی
اوجِ دنیا کی طرف اپنی نظر جاتی نہیں
کس بلندی پر ہمیں لائی قیادت آپ کی
ہم تو بندے ہیں ہماری عقل بھی محدود ہے
بس خدا ہی جانتا ہے قدرو قیمت آپ کی
جنتی ہونے کی میری دی فرشتوں نے خبر
دیکھ کر آئینۂ دل میں محبت آپ کی
ابتدائے زندگی سے حشر کے میدان تک
بے سہاروں کو سہار ا دے گی رحمت آپ کی
ہم تو پھر بھی منتصرؔ ہیں یا رسولؐ ِ ہاشمی
خالقِ اکبر نے کی قرآں میں مدحت آپ کی
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024