انٹر یونیورسٹیز کبڈی چیمپئن شپ‘4 میچوں کا فیصلہ
ملتان (سپورٹس رپورٹر) بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر نے کہا ہے کھیلیں کردار سازی، ڈسپلن اور فٹنس میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ بی زیڈ یو کھیلوں کی ترویج میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے سپورٹس آفس ، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام پاکستان انٹریونیورسٹیز کبڈی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کبڈی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے کام سیٹ یونیورسٹی ساہیوال کو 7 کے مقابلے میں26 پوائنٹس سے ہرادیا۔ دوسرے میچ میں گریڑن یونیورسٹی لاہور نے اینیمل یونیورسٹی لاہور کو 20 کے مقابلے میں 30 پوائنٹس سے ہرادیا۔ تیسرے میچ میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہورنے بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کو 30 کے مقابلے میں 33 پوائنٹس سے ہرادیا۔چوتھے میچ میں پنجاب یونیورسٹی لاہور نے پشاور یونیورسٹی کو 10 کے مقابلے میں 24 پوائنٹس سے ہرادیا۔آج کو صبح9-30 بجے سیمی فائنل اور دوپہر ایک بجے فائنل میچ ہوگا۔