تھل جیپ ریلی ‘ میرنا درمگسی نے کوالیفائنگ راؤنڈ جیت لیا
ملتان‘ مظفر گڑھ (سپورٹس رپورٹر‘ نامہ نگار)موٹرریس کے بڑے مقابلے تیسری تین روزہ تھل جیپ ریلی کا باقاعدہآغاز ہوگیا۔میر نادر مگسی کوالیفائنگ راؤنڈ میں پہلے نمبر پر آگئے۔ضلع مظفرگڑھ اورلیہ کے اضلاع میں ہونے والی تیسری تھل جیپ ریلی میں شریک ہونے والی گاڑیوں کی ٹیکنیکل انسپکشن کرکے ان کو نمبرزالاٹ کیے گئے بعدازاں کوالیفائنگ راؤنڈ ہوا۔اس موقع پر علاقہ کے عوام کی بڑی تعداد نے رنگ بر نگی اور فراٹے بھرتی ہوئی مختلف اقسام کی گاڑیوں کے مقابلے کوبڑی دلچسپی سے دیکھا۔کوالیفائنگ راؤنڈ کے موقعہ پر معروف ریسر رونی پٹیل گاڑی کی خرابی کی وجہ سے اس میں شریک نہ ہوسکے تاہم ان کی ’’ لائف پارٹنر‘‘ روشنا پٹیل نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کی۔ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی)کے میجنگ ڈائریکٹر احمر ملک اور جنرل منیجر اسجد غنی نے ٹی ڈی سی پی کے دیگر اعلی حکام کے ہمراہ ٹریک کا دورہ ،گاڑیوں کی ٹیکنیکل ایگزامینیشن اورکوالیفائنگ راؤنڈ کومانیٹر کیا تاہم ان کی گاڑی کا ریڈی ایٹر بھی صحرائی علاقہ میں پھٹ گیا جن کوبعد ازاں دوسری گاڑی کے ذریعے واپس لایاگیا۔ شیڈول کے مطابق 17نومبر کو ریس کے پہلے مرحلے میں سٹاک گاڑیوں اورخواتین ریسرز کی گاڑیوں کے مقابلے ہوں گے جبکہ پری پریڈ گاڑیوں کی ریس 18نومبر کو ہوگی جس میں کارریس کے نامور کھلاڑی حصہ لیں گے۔