بڑھتی آبادی اور ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے کوششیں شروع کردیں:ہاشم ڈوگر
لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر محکمہ بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے جو کہ انتہائی اہم مسئلہ ہے اس کے حل کے لئیے پہلے دن سے ہی کوششوں کا آغاز کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان بڑھتی ہوئی آبادی اور ماحولیاتی مسائل سے متعلق انتہائی سنجیدہ ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ فیملی پلاننگ سے متعلقہ پیغام کو پر اثر بنانے کے لئیے چند اہم فیصلے بھی لئے گئے ہیں جن میں صوبے کے تمام 36اضلاع میں خطیب کی بطور سرکاری ملازم بھرتی کا فیصلہ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادی جیسے مسئلے کاحل تعلیم کو عام کئے بغیرممکن نہیں جس کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ صوبائی وزیر نے کہا شادی سے قبل لڑکے کی فیملی پلاننگ کونسلنگ انتہائی ضروری ہے جس کے لئیے لائحہ عمل پر غور کیا جا رہا ہے۔