نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے ارکان کا دورہ 90 شاہراہ قائداعظم
لاہور ( سپیشل رپورٹر) بیسویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کے85اراکین پر مشتمل وفد نے 90شاہراہ قائد اعظم کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور چیف سیکریٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے وفد کا استقبال کیا۔ اراکین اسمبلی، سینیٹرز، سینئر سول اور فوجی افسران اور سول سوسائٹی پر مشتمل وفد کی قیادت انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اینڈ ریسرچ انالیسز(ISRAA) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد سمریز سالک نے کی۔ ورکشاپ کے شرکاء کو پنجاب میں تعلیمی اصلاحات، ڈویلپمنٹ کے منصوبوں اور گڈ گورننس میں انفارمیشن ٹیکنا لوجی کے استعمال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سپیشل سیکریٹری ہائر ایجوکیشن، چیئر مین پی اینڈ ڈی اور چیئر مین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اپنے محکموں کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ معیاری تعلیم کی فراہمی ماضی میں حکومتوں کی ترجیح نہیں رہی۔ وفاقی سطح پر اردو کو بطور تعلیمی زبان رائج کرنے کے حوالے سے اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔ تمام پہلوؤں کو جائزہ لینے کے بعد اس حوالے سے باقاعدہ حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ پنجاب میں پاور سینٹر صرف وزیر اعلیٰ ہیں۔ جبکہ باقی تمام افراد اور محکمے وزیر اعلیٰ کو انکے فرائض کی انجام دہی میں تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ ماضی میں ون مین شو کی وجہ سے موجودہ وزیر اعلیٰ کے اختیارات پر میڈیا میں بات کی جارہی ہے۔ ہر شخص اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داری ادا کررہا ہے۔