ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا، بھارت سے کوئی نہ آیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی میزبانی میں ایشین کرکٹ کونسل کا آخری اجلاس آج لاہور میں منعقد ہوگا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔ پی سی بی کی دو سالہ صدارت کی مدت مکمل ہونے پر بنگلہ دیش کے ناظم الحسن کو ایشین کرکٹ کونسل کا نیا سربراہ مقرر کیا جائیگا۔ اجلاس میں پی سی بی کے سربراہ احسان مانی اور ایشین کرکٹ کونسل کے نئے صدر بنگلا دیش کے ناظم الحسن اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اے سی سی اجلاس کے شرکا کو لاہور شہر کے تاریخی مقامات کی سیر بھی کروانے کی تجویز ہے۔ اجلاس میں ایشیا ایمرجنگ کپ کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔ ڈویلپمنٹ پروگرامز اور مستقبل کے ایونٹس پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر احسان مانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں آئی سی سی کے سی ای او ڈیوڈ رچرڈسن سمیت مختلف ایشین ممالک کے 33 نمائندے شریک ہونگے ۔اجلاس میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن ، سی ای او نظام الدین ، سری لنکا کرکٹ بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا ، افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ عزیز اللہ فضل ، سی ای او اے سی سی شفق ستنکزئی ، صدر بحرین کرکٹ ایسوسی ایشن محمد سلیم الیاس ، کویت کرکٹ کے صدر حیدر فرمان ، ملایشین کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر مہندہ ولی پورم ، کرکٹ کنٹرول بورڈ آف مالدیپ کے صدر محمد افلاح ، سعودی کرکٹ کیسی ای او ندیم ندوی ، بورڈ ممبر امارات کرکٹ بورڈ ولید بخاتر، ممبر اومان کرکٹ بورڈ پنکج خمیجی ، ممبر قطر کرکٹ ایسوی ایشن منظور احمد ، صدرسنگا پور کرکٹ ایسوسی ایشن محمود غزنوی ، صدر تھائی لینڈ کرکٹ ایسوسی ایشن روی سہگل ، نیپال کے نمائندے اشوک ناتھ بھی شریک ہونگے۔