ننکانہ سمیت متعد شہروں میں ٹریفک حادثات،بچے سمیت 8 افراد ہلاک‘ 73 زخمی
ننکانہ‘ ساہیوال‘ چیچہ وطنی‘ دادو (نامہ نگاران‘ صباح نیوز) مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں کمسن بچے سمیت 8 افراد جا ںبحق اور 73 افراد زخمی ہوگئے۔ننکانہ صاحب میںدو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے خونی تصادم میں کمسن بچے سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گائوں پیڑے والی سٹاپ کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 22سالہ ذیشان ،3سالہ طاہر،30سا لہ غلام حسین،25سالہ معافیہ اور20سالہ شہروز گر کر شدید زخمی ہو گئے جن میں سے 22سالہ ذیشان اور 3سالہ طاہر شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ساہیوال لاہور روڈ پر یو سف والا گودام کے قریب تین گاڑیوں کی ٹکر کے نتیجہ میں تین مسافر جاں بحق اور پندرہ شدید زخمی ہو گئے جن میں دو کی حالت نازک ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک ویگن7891/JUہینو ،ایک مسافر وین نمبر280/LEAمیں جامعہ اسلامیہ چیچہ وطنی کا طالب علم اور اساتذہ لاہور سے واپس چیچہ وطنی جا رہے تھے اور ایک مزدا ٹرک نمبر1764/LESبھی اسی طرف جا رہا تھا کہ تیز رفتار کے سبب ہینو گاڑی مسافر وین اور ایک ٹرک ایک دوسرے میں ٹکرا کر چڑھ گئے جس کے نتیجہ میں درمیان والی گاڑی کے دو مسافر مولوی عبد المنان اور مولوی محمد ایسرمو قع پر ہی دم توڑ گئے۔چیچہ وطنی میں جمعیت علماء کے رہنما مفتی یاسر جالندھری اور مفتی عبدالمنان ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گئے۔ گزشتہ روز آل پارٹیز متحدہ مجلس عمل کی کال پر لاہور میں منعقد ہونے والے ناموس رسالت ﷺ ملین مارچ میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے کہ راستے میں ان کی ویگن ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں دونوں علماء کرام موقع پر ہی دم توڑگئے۔ دادو میں لعل شہباز کی درگا ہپر جانے والی زائرین سے بھری بس تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جاگری۔ حادثے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ 55 افراد زخمی ہوگئے۔