پاکستا ن کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کیلئے سیرت رسولؐ پرعمل کیا جائے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ تھرپارکر کے متاثرین کیلئے بڑے امدادی آپریشن کا آغاز کر دیا۔لاہور سے ایک ہزار خاندانوں کیلئے 35لاکھ روپے کا خشک راشن اور ملبوسات روانہ کر دیئے۔ ملک بھر کے دیگر شہروں سے بھی امدادی سامان روانہ کریں گے۔ تھرپارکر سندھ میں 28سو واٹر پروجیکٹ مکمل کر لئے ۔ مسلمانوں کی طرح ہندوئوں کی بھی مدد کر رہے ہیں۔گزشتہ ہفتے 35سو خاندانوں میں راشن تقسیم کیا۔ وہ فلاح انسانیت فائونڈیشن لاہور کے زیر اہتمام چوبرجی چوک سے تھرپارکر سندھ میں متاثرین کیلئے بھجوائے گئے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ لاہور کے مسئول ابوالہاشم ربانی، ایف آئی ایف لاہور کے ناظم محمد زبیر، حبیب الرحمان چیمہ، اسلم خان،حافظ مسعود الرحمان جانباز و دیگر بھی موجود تھے۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت تھرپارکر میںبارشیں نہ ہونے کی وجہ سے قحط کی صورتحال، لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔اپنے جانوروں و دیگر سازوسامان سمیت علاقہ چھوڑ رہے ہیں۔5سو سے زائد بچے خوراک کی کمی اور ادویات نہ ملنے کے باعث فوت ہو چکے ہیں۔ اس مشکل ترین صورتحال میں جماعۃ الدعوۃ کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فائونڈیشن نے امدادی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن تھرپارکر میں مزید دس واٹر پروجیکٹ کا آغاز کر رہی ہے جن کا افتتاح چند دنوں میں کر دیا جائے گا۔ دریں اثناء حافظ محمد سعید نے جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میں خطبہ جمعہ کے دوران کہاکہ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کیلئے سیرت رسولؐ پر عمل کرنا ہو گا۔قرآن و سنت کے علاوہ کسی نئے طریقہ پر عمل کر کے ایسا ممکن نہیں۔ حکمران آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے سودی قرضے لینا بند کر یں اور صحیح معنوں میں اسلام کی نمائندگی کریں۔ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔ ناموس رسالتؐ اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار اداکرنے کی ضرورت ہے۔