تعلیم، معیشت کے میدان میں ترقی سے اسلامی دنیا کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے: امیر جماعت اسلامی
سوڈان (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے سوڈان کے پانچ روزہ دورے کے دوسرے دن سوڈان کے نائب صدرسے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور سوڈان کے تعلقات ، باہمی دلچسپی اور عالم اسلام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے امور پر گفتگو کرتے سینیٹر سراج الحق نے کہا اتحاد عالم اسلامی وقت کی ضرورت ہے ، عالم اسلام کو امت کے مسائل کے حل کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے خرطوم جامعہ افریقہ انٹرنیشنل کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کمال عبید اور جامعہ کے اساتذہ اور سٹاف سے ملاقات کی۔ سینیٹر سراج الحق نے اساتذہ اور طلبہ کے اجتماع سے خطاب کرتے کہا کہ عالم اسلام کو دفاع کے بعد اپنا زیادہ بجٹ تعلیم پر خرچ کرنا چاہئے ،اسلامی ممالک کو مشترکہ تعلیمی بجٹ قائم کرکے موجودہ دور کے تعلیمی چینلجز کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ تعلیم اور معیشت کے میدان میں ترقی سے ہی عالم اسلام کو جنگوں سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے ۔اب وقت آگیا ہے کہ لائبریریوں اور لیبارٹریوں کو آباد کیا جائے اور تعلیم اور طب کے شعبہ میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی عالم اسلام کو لسانی ،علاقائی اور مسلکوں کی تفریق سے نکال کر ایک امت بنایا جاسکتا ہے ۔