شبانہ اعظمی، جاوید اختر کا دورہ پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری لائیگا: فیاض الحسن چوہان
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کا شمار قد آور شخصیات میں ہوتا ہے۔ انکا دورہ پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری کے لئے معاون ثابت ہو گا۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار بھارت کی معروف فنکارہ شبانہ اعظمی اور انکے شوہر مصنف، شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کے ساتھ ایک مقامی ہوٹل میں ملاقات کے دوران کیا۔ فیاض الحسن چوہان نے دونوں شخصیات کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں پھول پیش کیے۔ شبانہ اعظمی اور جاوید اختر سے گفتگو کرتے فیاض الحسن نے کہا کہ آپکا آنا ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔ پاکستان میں کوئی دہشت گرد نہیں، یہ امن پسندوں کا ملک ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے فرنٹ لائن پر آکر کام کیا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے فنکاروں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا۔ شبانہ اعظمی اور جاوید اختر صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کی گرمجوشی اور خیر مقدمی جذبات سے بے حد متاثر ہوئے اور پاکستانی عوام کے استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان میں ہمیں جو محبت اور عزت ملی اس کو ہم کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔ بھارتی فنکار جوڑا فیض فیسٹیول میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے۔