فی الحا ل عمران خا ن سے استعفیٰ طلب نہیں کریں گے ، نثار کھو ڑو
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کے اندر خلفشار ہے جو کمزور ہورہی ہے اور جلد ان کی حکومت کرنے سے بے بسی عوام کے سامنے ظاہر ہوگی جس کے باعث فی الحال ہم وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ طلب نہیں کریں گے۔ اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کی 51 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک سے غربت نہیں بلکہ غریب مٹانے کا ایجنڈا ہے کرپشن پر الزام لگانے والے پی ٹی آئی کی حکومت اخلاقی اور معاشی کرپشن میں ملوث، علیم خان کی مبینہ غیرقانونی جائیدادوں پر پی ٹی آئی موقف دینے کے لیے تیار نہیں اور عمران خان غیرملکی فنڈنگ کیس میں آج بھی صفائی پیش نہ کرسکے ہیں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی کا 51 یوم تاسیس بھرپور طریقے سے منانے کے لیے 30 نومبر پر سکھر میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس سے بلاول بھٹو، سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے ۔