کراچی: فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک،2زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک،2 افراد زخمی ہوگئے جب کہ دو خواتین کی لاشیں ملیں تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے بجلی نگر میں مسلح افراد نے ایک شخص 35 سالہ ناصر حسین کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا اور فرار ہوگئے۔ ادھر اورنگی ٹائون میں ڈبہ موڑ پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان 25 سالہ فیاض ولد یاسین زخمی ہوگیا ۔ جب کہ سرجانی کے علاقے تیسر ٹائون میں مسلح افراد نے دکان میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 30 سالہ رفیع اللہ ولد نعمت خان کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ اس کے علاوہ گلستان جوہر میں صفورا چورنگی کے نزدیک غازی گوٹھ میں نامعلوم افراد چلتی گاڑی سے ایک خاتون کی لاش پھینک کر فرار ہوگئے جسے تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا ۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی عمر30 سال کے لگ بھگ تھی اور اس نے برقعہ پہن رکھا تھا فوری طو ر پر مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ ادھر پی آئی بی کے علاقے سے بھی ایک 55 سالہ خاتون کی لاش ملی ہے پولیس نے دونوں خواتین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال پہنچانے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے۔
کراچی/ فائرنگ