ایف ایم ریڈیو عوامی مسائل کے حل کا بہترین ذریعہ ہے‘ کلیم امام
کراچی (کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے سندھ پولیس ایف ایم ریڈیو اسٹیشن88.6کے فون نمبر02199213663 پر شہریوں سے فون کالز پر براہِ راست گفتگو کی اور انھیں درپیش مسائل ومشکلات کے حل کے لیئے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایات دیں کہ شہریوں اور محکمہ پولیس سے وابستہ ملازمین کے مسائل اور مشکلات کا احاطہ کرنے اور انھیں حل کرنیکے ضمن میں علیحدہ علیحدہ کھلی کچہریاں لگائیں تاکہ پولیسنگ کے جملہ امور کو عملاً مؤثر اور عوام دوست بنایا جاسکے ۔آئی جی سندھ نے ایف ایم ریڈیو اسٹیشن پر ذریعہ فون کالزعوامی مسائل سننے اور حل کرنیکے سلسلے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کیں کہ سندھ پولیس ایف ریڈیو اسٹیشن سے باقاعدہ رابطہ کرکے شیڈول ترتیب دیا جائے اور عوام سے براہ ِراست بات چیت کرکے ان کے مسائل سنیں اور انھیں حل کرنیکے لیئے تمام ترممکنہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔آئی جی سندھ نے ایف ایم ریڈیو اسٹیشن سے جاری ایک پیغام میں عوام سے کہا کہ لوگوں کے کام آنا اور انکی خدمت کرنے میں ہمیں خوشی ہوتی ہے ۔سندھ پولیس آپ کی اپنی پولیس ہے ہمیں ہروقت آپکے صلاح ومشاورت اور رہنمائی کی ضرورت ہے ہم آپ کے لیئے دستیاب ہیں اور آپ ہم تک رسائی بلاکسی روک ٹوک کرسکتے ہیں۔مجھ تک بھی آپ کی رسائی ہے آپ میرا نمبر لیں اور مجھے اپنی تجاویز اور رائے دیں کہ کس طرح پولیسنگ کو مذید بہتری کی جانب گامزن کیا جاسکتاہے۔