جھنگ/شورکوٹ/ساہیوال(نامہ نگاران)ڈسٹرکٹ جیلوں میں 2قاتلوں کو پھانسی دیدی گئی۔ ڈسٹرکٹ جیل جھنگ میں قتل کے مجرم ناصر عباس کو پھانسی دے دی گئی‘ شور کوٹ کے ناصر عباس نے 2001میں اپنے رشتہ دار حفیظ الرحمان کو معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ پھر سپریم کورٹ اور صدر پاکستان کو رحم کی اپیل کی گئیں اپیلیں خارج ہونے کے بعد گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دی گئی ناصر عباس کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ بعدازاں نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ سینٹرل جیل ساہیوال میں شیخوپورہ کے سزائے موت کے قیدی محمد طاہر کو حاملہ بیوی کے قتل کے جرم میں گزشتہ روز تختہ دار پر لٹکا دیا گیا پھانسی کے بعد مجرم کی نعش شمس آباد شیخوپورہ سے آئے ورثاء کے سپرد کر دی۔ 23جون 2007ء کی رات گھریلو جھگڑا پر مجرم نے حاملہ بیوی عاصمہ کو پستول سے گولی مار کر قتل کر دیا۔ 31 مئی 2017ء کو سپریم کورٹ نے مجرم کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی‘ صدر پاکستان سے رحم کی اپیل 24اگست 2017کو مسترد کر دی گئی۔
پھانسی