افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان جاری امن عمل کے دوبارہ آغاز کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت ہے: آرمی چیف جنرل راحیل شریف
جنرل راحیل شریف نے لینگلے میں امریکی سی آئی اے کے سربراہ جان برینن سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دو گھنٹے جاری رہنے والی اس ملاقات میں انٹیلی جنس امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ڈائریکٹر سی آئی اے نے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے جان برینن سے خطے کے چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سی آئی اے کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے خطے کی سیکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ جنرل راحیل شریف نے خطے میں مستقل استحکام اور قیام امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان جاری امن عمل کے دوبارہ آغاز کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔ دورہ امریکا کے دوران آرمی چیف امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر، امریکی نائب صدر جوبائیڈن، وزیر خارجہ جان کیری اور ارکان کانگریس سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔