مقبوضہ کشمیرمیں قابض انتظامیہ نےحریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی سمیت متعدد کوعید کی نماز کی ادائیگی سے روکنے کے لیےگھروں میں نظربند کردیا ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی نے سری نگر کے عید گاہ ، درگاہ حضرت بل اسلام آباد اور بارہ مولا میں نمازعید کے بڑے اجتماعات سے خطاب کرنا تھا۔ کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق ، سید علی گیلانی اور نعیم خان کو عید کی نماز سے روکنے اور نظربندی کے خلاف کشمیری عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ دوسری جانب بھارتی پولیس نےسات کشمیری نوجوانوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند کر دیا ہے ۔ گرفتار کیے گئے نوجوانوں میں سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم تحریک حریت کا ایک رکن بھی شامل ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان نوجوانوں کو ضلع باہمولا کے علاقوں سے گھر گھر تلاشی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا ۔