شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن پنجاب اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ یوم معرکہ حق پاکستان کی عسکری فتح کا علمبردار ہے۔ ہر سال پاکستانی قوم یہ دن منا کر بھارت سمیت پوری دنیا کو پیغام دے گی کہ پاکستان اپنی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دے گا اور جارحیت مسلط کرنے کی غلطی کرنے والوں کو نشان عبرت بنانے میں دیر نہیں کی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ہمیں اپنی عسکری قیادت پر فخر ہے۔ جو آنکھ پاکستان کی طرف اٹھے گی وہ نکال دی جائے گی۔ آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھارت کو دیا گیا بھرپور جواب اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔
عسکری قیادت پر فخر، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے: عارف سندھیلہ
May 17, 2025