قومی اسمبلی سے انکم ٹیکس ترمیمی سمیت 12 بلز منظور، پی ٹی آئی کی مخالفت

May 17, 2025

اسلام آباد (وقائع نگار) قومی اسمبلی میں انکم ٹیکس ترمیمی بل، پاکستان شہریت ایکٹ میں ترامیم، تحویل ملزمان بل، چائلڈ میرج پر پابندی کا بل، اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز بل اور ٹریڈ آرگنائزیشن سمیت 12 بلزکثرت رائے سے منظور کر لیے گئے جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے بلوں کی مخالفت کی گئی۔ جمعہ کو ایوان زیریں کے اجلاس میں حکومت نے بڑی قانون سازی کا عمل زیر غورلایا جس کے بعد  ایوان سے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی شرمیلا فاروقی کی جانب سے پیش کیا گیا چائلڈ میرج پر پابندی سے متعلق بل بھی منظور ہوگیا۔ اس کے بعد فرح ناز اکبر نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل 2024 منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کیا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بل کی شق 3، 4 اور 6 میں ترامیم پیش کیں جو کثرت رائے سے منظور کی گئیں۔ اس طرح ایف بی آئی ایس ای ترمیمی بل 2024 بھی کثرے رائے سے منظور کر لیا گیا۔ قومی اسمبلی میں تحویل ملزمان ترمیمی بل 2025، عطائے شہریت ترمیمی بل 2024، سول سرونٹ ترمیمی بل 2025 اور انسداد اغراق و محصولات ترمیمی بل 2025 بھی منظور کر لیا گیا۔ پاکستان شہریت ایکٹ میں مزید ترمیم سے متعلق دو بل قومی اسمبلی سے منظور کیے گئے، قومی اسمبلی سے منظور قوانین کے تحت پاکستان شہریت ایکٹ کی سیکشن 14اے اور سیکشن چار میں ترمیم کی گئی۔ علی موسیٰ گیلانی نے ٹریڈ آرگنائزیشن ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا جسے منظور کر لیا گیا، اس کے علاوہ قومی اسمبلی رول 288 میں ترمیم کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔ قومی اسمبلی نے وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کا پیش کردہ نیچلائزیشن ترمیمی بل 2024 بھی منظور کیا۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا پیش کردہ اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل 2025 بھی پاس کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی نوشین افتخار کی سی ایس ایس امتحانات میں عمر کی حد 5 سال بڑھانے کی قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ کسی بھی امیدوار کو پانچ مرتبہ مقابلے کی امتحان میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے، زیا دہ سے زیا دہ عمر کی حد 30 کی بجائے 35 سال کی جائے۔ دریں اثناء وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ بند پڑا ہے، وجہ کیا ہے؟۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل معین وٹو نے بتایا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کی 2 ٹنلز 2024 ء میں کلیپس ہو گئی تھیں۔ اس پر مسلسل کام ہو رہا ہے۔2 سال میں یہ شروع جائے گا۔ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ  پتا چلا ہے اس منصوبے پر بھی بھارت نے حملہ کیا، اس سے کتنا نقصان ہوا؟۔ کیا ہم انٹرنیشنل کورٹ میں جا رہے ہیں؟، جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمیں انٹرنیشنل کورٹ میں چلے جانا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے جواب دیا جارہا ہے۔ اس کے سدباب کے لیے پراپر فورم سے رجوع بھی کیا گیا ہے۔ اس سے جواب مانگا گیا ہے۔ اسے ہمارا موقف تسلیم کرنا پڑے گا۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مختار احمد نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر دوائیوں کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھائی گئی ہیں تو وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔ ایک مہینے میں رپورٹ آجائے گی۔ قلت کی شکایات کے حوالے سے میں معاملہ دیکھ لوں گا۔ پارلیمانی سیکرٹری نیلسم عظیم نے وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ 2023 ء میں زچگی کے دوران 11 ہزار خواتین کی اموات ہوئیں۔ روزانہ کی بنیاد پر 27 خواتین کی اموات ہو جاتی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر 675 بچوں کی اموات ہو جاتی ہیں۔ بعد ازاں اجلاس پیر شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں