افغان و بھارتی وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونک گفتگو، دوطرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال 

May 17, 2025

کابل، نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے طالبان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، تجارت، سفارت کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔افغان وزارت خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیا تکل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ مولوی امیر خان متقی نے بھارت کو خطے کا ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے افغانستان کے ساتھ اس کے تعلقات کو تاریخی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ افغان وزیر خارجہ نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران تمام فریقوں کے ساتھ متوازن پالیسی اپنانے اور مثبت روابط قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بھارت میں زیر علاج افغان مریضوں کے لیے ویزوں کے اجرا، افغان قیدیوں کی رہائی اور ان کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کی بھی درخواست کی۔افغان وزارت خارجہ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی افغانستان کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو تاریخی قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ بھارت افغانستان کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ایران کی چابہار بندرگاہ کی ترقی پر مشترکہ کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے اس گفتگو کی تفصیلات رپورٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر خارجہ جے شنکر نے پہلگام حملے کی مذمت کرنے پر افغانستان کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں