
ہلکی بارش سے موسم خوشگوار،درجہ حرارت43سے کم ہو کر27ڈگری تک پہنچ گیا
پشاورمیں طوفان اور گرد آلود ہوائوں کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا تاہم بعد ا زاں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں جبکہ درجہ حرارت 43سینٹی گریڈ سے کم ہو کر یکدم 27ڈگری پر پہنچ گیا ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں شدید گرمی کے بعد ہلکی بارش سے موسم کچھ حد تک خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں بڑی کمی آگئی جس سے شہریوں نے بھی سکھ کا سانس لیا تاہم گرد آلود ہوائوں اور طوفان کے باعث منگل کے روز پشاور میں بجلی کا نظام ایک بار پھر بری طرح متاثر ہوا اور شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بند کر دی گئی جس سے گھریلو اور تجارتی امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ۔لوڈشیڈنگ کی آنکھ مچولی بعد ازاں رات گئے تک جاری رہی تاہم بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور 43ڈگری سینٹی گریڈ تک چلنے والا موسم یکدم 27ڈگری تک پہنچ گیا ۔